25 جون ، 2025
ایپل کے نئے آئی فون ماڈلز تو ستمبر میں متعارف کرائے جائیں گے مگر ان کے حوالے سے لیکس کا سلسلہ جاری ہے۔
اب ایک نئی لیک میں آئی فون 17 پرو کے ممکنہ ڈیزائن کی جھلک سامنے آئی ہے۔
ایک ایکس (ٹوئٹر) صارف نے آئی فون 17 پرو کے ڈمی ماڈل کی تصاویر پوسٹ کیں۔
اس سال کے آئی فون 17 پرو ماڈلز بیک سے گزشتہ سال کے ماڈلز سے بالکل مختلف ہوں گے۔
خیال رہے کہ 2020 میں آئی فون 11 کو متعارف کرائے جانے کے بعد سے ایپل کے اسمارٹ فونز کے کیمرا ڈیزائن میں کوئی خاص تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی۔
آئی فون 17 سیریز میں بیک پر اسکوائر کیمرا سیٹ اپ کو ختم کر دیا جائے گا اور اس کی جگہ نیا ڈیزائن اپنایا جائے گا۔
درحقیقت آئی فونز کا بیک کیمرا ڈیزائن کافی حد تک گوگل پکسل فونز کے پل (pill) کیمرا بار جیسا ہو جائے گا۔
یعنی ایک بڑی سیاہ پٹی میں 3 کیمرے، فلیش لائٹ اور دیگر موجود ہوں گے۔
اس سے قبل مختلف رپورٹس میں آئی فون 17 ائیر کے بارے میں کافی لیکس سامنے آئی تھیں۔
یہ نیا فون ایپل کا اب تک کا سب سے پتلا آئی فون ہوگا۔
بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ آئی فون 17 ائیر کی مجموعی موٹائی محض 5.5 ملی میٹر ہوگی جبکہ بیک پر صرف ایک کیمرا موجود ہوگا۔
ایپل اے 19 چپ اور دیگر فیچرز آئی فون 17 اسٹینڈرڈ ماڈل جیسے ہوں گے جبکہ قیمت 900 ڈالرز کے قریب ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق یہ ایپل کا پہلا ایسا آئی فون بھی ہوسکتا ہے جس میں کوئی پورٹ نہیں ہوگی۔
جی ہاں واقعی یہ پورٹ فری آئی فون ہوگا جس کے بارے میں افواہیں برسوں سے سامنے آرہی ہیں۔
اب تک کوئی اور ایسا اسمارٹ فون تیار نہیں ہوسکا جس میں کوئی پورٹ موجود نہ ہو تو یہ دنیا کا سب سے پتلا اسمارٹ فون ہوگا ہی اس کے ساتھ ساتھ پہلا پورٹ فری فون بھی ہوگا۔