28 اکتوبر ، 2023
کراچی: مختلف ممالک سے ڈی پورٹ کیے جانے والے پاکستانیوں اور ائیرپورٹ پر روکے گئے مسافروں کی حراست سے متعلق اہم فیصلہ سامنے آیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن کراچی کے مطابق کراچی ائیرپورٹ پر پہنچے دونوں طرح کے مسافروں اور ڈی پورٹ پاکستانیوں کو اب ایف آئی اے امیگریشن کی تحویل میں 24 گھنٹے سے زیادہ نہیں رکھا جائے گا۔
ایسے افراد جو ڈی پورٹ ہو کر کراچی لائے جاتے ہیں یا کراچی سے کسی بھی ملک جاتے ہوئے ائیرپورٹ پر روکے جاتے ہیں اور وہ کراچی سے باہر کی پولیس کو مطلوب ہوں گے ایسے افراد کو 24 گھنٹے میں متعلقہ ملزم کی کسٹڈی لینا لازم قرار دی گئی ہے اور کسٹڈی نہ لینے کی صورت میں ان ملزمان کو 24 گھنٹے بعد کراچی ائیرپورٹ پولیس کے سپرد کر دیا جائے گا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن نے بتایا کہ کراچی سے باہر کی پولیس کو مطلوب مختلف ملزمان کو کراچی ائیر پورٹ پولیس کے حوالے کیا جائے گا، ائیرپورٹ پولیس سیکرٹری داخلہ کے ذریعے ملزمان کو متعلقہ پولیس کے حوالے کرنے کی کارروائی کرے گی اور کراچی کے رہائشی ڈی پورٹ افراد یا ائیرپورٹ پر روکے گئے مسافر کو حسب سابق انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کے سپرد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ماضی میں اس طرح کے مسافروں کو ایف آئی اے امیگریشن کا عملہ 24 گھنٹے سے زائد وقت تک بھی ائیرپورٹ پر اپنی حراست میں رکھتا تھا، جب تک ملک کے کسی بھی تھانے کے اہلکار آ کر اسے حراست میں لیتے تھے اس وقت تک ان کی 24 گھنٹے سے زیادہ کی حراست غیر قانونی قرار دے دی جاتی تھی۔
اب کراچی کا ائیرپورٹ تھانے کا عملہ انہیں حراست میں لے کر جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرے گا یا محکمہ داخلہ کے ذریعے متعلقہ تھانے کی پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔