29 اکتوبر ، 2023
خیبر پختونخوا کے ضلع کرم کے مختلف مقامات پر قبائل کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے، تازہ جھڑپوں میں مزید ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جھڑپوں کا سلسلہ 6 روز سے جاری ہے، جھڑپوں میں راکٹ اور مشین گن سمیت بھاری اور خودکار ہتھیاروں کا استعمال کیا جارہا ہے۔اب تک جھڑپوں میں 20 افراد جاں بحق اور 41 زخمی ہوچکے ہیں۔
کشیدگی کے باعث ضلع کرم میں آمدورفت کے راستے اور انٹرنیٹ سروس تاحال بند ہے جبکہ مارکیٹوں میں اشیائے خور دو نوش اور ادوایات کی قلت پیدا ہوگئی۔
اس کے علاوہ جھڑپوں کے باعث تعلیمی ادارے بند اور کاروبار زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ جھڑپیں رکوانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب ہنگو اورکزئی سے آئے جرگہ ممبران مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے حل کی کوشش کر رہے ہیں۔فائر بندی اور مورچوں پر فورسز کی تعیناتی اولین ترجیح ہے۔
صدہ، پالش خیل، بوشہرہ ڈنڈا، مقبل گنج ،علیزئی، پیواڑ اور تری مینگل علاقوں میں مذاکراتی عمل جاری ہے۔