جب ایک مکڑی نے خاتون کے کان میں گھر بنالیا

یہ وہ مکڑی ہے / فوٹو بشکریہ NEJM
یہ وہ مکڑی ہے / فوٹو بشکریہ NEJM

کیا آپ سوچ سکتے ہیں کہ ایک مکڑی کسی انسان کے کان میں گھر بنالے؟

ایسا حیرت انگیز واقعہ تائیوان میں پیش آیا جہاں ایک خاتون کو اس کا تجربہ ہوا۔

اس خاتون کو 4 دن سے کان میں خارش ہو رہی تھی اور سونا مشکل ہو گیا تھا۔

اس خاتون کو اپنے بائیں کان کے اندر سے مسلسل عجیب آوازیں سنائی دے رہی تھیں۔

خاتون کو کسی چیز کے چلنے کا احساس بھی ہوا اور اس وجہ سے اسے لگ رہا تھا کہ کان کے اندر کچھ داخل ہوگیا ہے۔

جب اس نے ایک طبی مرکز میں معائنہ کرایا تو ڈاکٹروں نے بائیں کان کے اندر ایک مکڑی کو دریافت کیا۔

اس مکڑی کی اوپری جھلی بھی جھڑ چکی تھی اور ڈاکٹروں کے خیال کے مطابق اسی لیے وہ کان کے اندر تاریک حصے میں پناہ لینے کے لیے گھس گئی تھی۔

Tainan اسپتال کے طبی عملے نے بتایا کہ مکڑی بہت چھوٹی تھی، اسی لیے خاتون کو کسی قسم کی تکلیف کا احساس نہیں ہوا، مگر کان میں ابھرنے والی آوازوں کے باعث اسے پریشانی کا سامنا تھا۔

ڈاکٹروں کے مطابق کان کے اندر کی جِلد بہت حساس ہوتی ہے جس کے باعث سنسناہٹ، آوازوں اور کسی چیز کے چلنے جیسے احساسات ناقابل برداشت ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے کیسز میں کیڑے کی بجائے لوگوں کی جانب سے اسے باہر نکالنے کی کوششوں سے کان کے پردے کو نقصان پہنچتا ہے۔

مگر خوش قسمتی سے خاتون کے کان کے پردے کو کوئی نقصان نہیں ہوا اور ڈاکٹروں نے اس مکڑی کو باہر نکال دیا۔

اس عجیب کیس کی تفصیلات نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں شائع ہوئیں۔

مزید خبریں :