24 فروری ، 2012
ہوبارٹ…تین ملکی سیریز کے ایک میچ میں سری لنکا نے دلچسپ مقابلے بعد آسٹریلیا کو 3وکٹوں سے ہرادیا۔آسٹریلیا نے میچ جیتنے کیلئے 281 رنز کا ہدف دیا جو سری لنکا نے 49.2 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔جے وردنے 85اور چندیمل80 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پریرا نے 11 گیندوں پر21 رنز بناکر سری لنکا کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔کرسچین نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل ہوبارٹ میں کھیلے جارہے سیریز کے 9 ویں میچ میں آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کینگروز کی اننگز کا آغازاچھا نہیں تھا اور صرف 27 کے مجموعی اسکور پر اوپنرزکی جوڑی واپس پویلین لوٹ چکی تھی، تاہم فوریسٹ اور کلارک نے تیسری وکٹ کی شاندار شراکت میں154 رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔ فوریسٹ 104 اور کلارک 72 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیوڈ ہسی 40 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، یوں آسٹریلیا نے مقررہ پچاس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بنائے۔ میتھیوز نے2 جبکہ ملینگا، کولاسیکارا، مہاروف، ہیراتھ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔