14 جنوری ، 2013
اسلام آباد…سپریم کورٹ میں ججزتقرری کیس میں صدر، وزیراعظم اور وزیر قانون کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت 18 جنوری تک ملتوی کر دی گئی ہے۔اکرم شیخ ایڈووکیٹ کاکہناہے کہ حکومت کی جانب سے نظرثانی درخواست میں عدلیہ کیخلاف توہین آمیززبان استعمال کی گئی۔ جسٹس خلجی عارف حسین کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے چار رکنی خصوصی بنچ نے ندیم احمد ایڈووکیٹ کی جانب سے دائرتوہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل اکرم شیخ ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ 21 دسمبر کو سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو ججز کی تقرری کا نوٹی فی کیشن جاری کرنے کا حکم دیا مگر اس پرابھی تک عمل نہیں کیا گیا۔ جسٹس خلجی عارف نے پوچھا کہ کون کہہ رہا ہے کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں ہو گا۔ اٹارنی جنرل عرفان قادر نے بتایا کہ عدالتی حکم کے خلاف حکومت کی جانب سے نظر ثانی درخواست دائر کی گئی ہے۔ جسٹس خلجی عارف نے استفسار کیا کہ کیا عدالت نے متعلقہ حکم نامے پر کوئی حکم امتناع جاری کیا ہے؟ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ نظرثانی درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی درخواست دائر کی گئی ہے۔