15 جنوری ، 2013
اسلام آباد…اسلام آباد کے جناح ایونیو میں لانگ مارچ کے شرکاء نے رکاوٹیں ہٹاکر ڈی چوک کی جانب مارچ شروع کردیا۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے اسٹیج کوپارلیمنٹ ہاوٴس کے سامنے منتقل کرنے سے متعلق لانگ مارچ انتظامیہ سے مذاکرات شروع کئے جو ناکام ہوگئے، جس کے بعد لانگ مارچ کے شرکاء نے اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے ڈی چوک جانے سے روکنے کیلئے کھڑے کئے گئے کنٹینرز ہٹادئیے اور ڈی چوک کی جانب مارچ شروع کردیا۔ اس سے قبل لانگ مارچ کے شرکاء نے جناح ایونیوپرخار دار تاریں ہٹانیکی کوشش کی تھی، جس پر اسلام آباد انتظامیہ نے لانگ مارچ انتظامیہ سے مذاکرات شروع کئے جو ناکام ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو فون کرکے صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔ اس سے قبل تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے حکومت کو صبح تک کی مہلت دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اسمبلیاں تحلیل کردیں، جبکہ انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ ان کا اسٹیج پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے منتقل کیا جائے، جہاں وہ صبح 11 بجے جلسے کے شرکاء سے خطاب کرینگے۔