Time 23 جون ، 2025
دنیا

قطر پر ایرانی حملہ: سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین کی مذمت

قطر پر ایرانی حملہ: سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین کی مذمت
ایرانی حملہ قطر کی خودمختاری اور فضائی حدود کی کھلی خلاف ورزی ہے، سعودی عرب— فوٹو:فائک

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے قطر پر ایرانی حملے کی مذمت کردی۔

سعودی عرب نے قطر پر ایران کے میزائل حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا حملہ قطر کی خودمختاری اور سالمیت سمیت بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

 متحدہ عرب امارات نے بھی قطر العدید بیس پر ایران کے حملے کی مذمت کی اور کہا کہ ایرانی حملہ قطر کی خودمختاری اور فضائی حدود کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

اماراتی وزارت خارجہ کے مطابق ایرانی حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

اماراتی حکومت نے قطر کے شہریوں اور رہائشیوں کے تحفظ کیلئے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور  مطالبہ کیا کہ فوجی کشیدگی کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت ہے۔

اس کے علاوہ بحرین نے بھی قطر کے العدید بیس پر ایرانی میزائل حملوں کی مذمت کی اور قطر کے ساتھ اپنی حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ ایران کی جانب سے قطر میں العدید ائیر بیس پر بیلسٹک میزائل فائر کیےگئے۔ ایران کی جانب سے قطر کی جانب 6 سے زائد بیلسٹک میزائل داغے۔

قطر کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے امریکی العدید ائیر بیس کی جانب فائر کیا گیا ایک میزائل تباہ کردیا ہے۔

مزید خبریں :