10 نومبر ، 2023
آئی سی سی ورلڈکپ میں جنوبی افریقا نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
جنوبی افریقاسے اپنے آخری گروپ میچ میں شکست کے بعد افغانستان کرکٹ ٹیم کا رواں ورلڈکپ میں شاندار سفر ختم ہوگیا۔
احمد آباد میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے 42 ویں میچ میں افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے جنوبی افریقا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
افغانستان ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 244 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، عظمت اللہ 97 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
اس کے علاوہ رحمت شاہ اور نوراحمد نے 26 ، 26 رنز بنائے جبکہ رحمان اللہ گُرباز 25 ، ابراہیم زدران 15 اور راشدخان 14 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کی جانب سےکوئٹزی نے 44 رنز دے کر 4ر وکٹیں حاصل کیں، کشیو مہاراج اور نگیڈی نے 2،2 اور فیلوکوایو نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
افغانستان کا 245 رنز کا ہدف جنوبی افریقا نے 47.3 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر با آسانی حاصل کرلیا۔وین ڈیر ڈوسن 76 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
اس کے علاوہ کوئنٹن ڈی کوک 41 اور ایڈن مارکرم نے 25 رنز بنائے، ڈیوڈ ملر 24 ، ٹمبا باووما 23 اور ہینرک کلاسن 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ فیلکوائیو 39 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
افغانستان کی جانب سے محمد نبی اور راشد خان نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکا تھا جبکہ افغانستان ناک آؤٹ مرحلے کی دوڑ سے باہر ہوگیا تھا۔دونوں ٹیموں کا آج گروپ اسٹیج کا آخری میچ تھا۔
افغانستان نے رواں ورلڈکپ میں شاندار کارکردگی دکھائی، انگلینڈ، پاکستان اور سری لنکا جیسی ٹیموں کے خلاف کامیابی حاصل کی۔افغان ٹیم نے 9 میچز میں 4 کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے 8 پوائنٹس لیے۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ میں ٹاپ 8 ٹیموں میں شامل ہوکر افغانستان نے پہلی مرتبہ آئی سی سی چیمپئن ٹرافی 2025 کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔