15 جنوری ، 2013
کراچی…کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک اور 2 کو زخمی کردیا، جبکہ کورنگی انڈسٹریل ایریا اور محمود آباد میں بھی فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد ہلاک ہوئے۔ پولیس کے مطابق سہراب گوٹھ کے علاقے میں انڈس کمپلیکس کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کردی،جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 2 افراد زخمی ہوگئے، مقتول کی شناخت 25 سالہ سردار کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں 26 سالہ نقیب اللہ اور 28 سالہ حسین شامل ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے اور فائرنگ کا نشانہ بننے والے افراد کچھ عرصہ قبل ہی افغانستان سے کراچی آئے تھے۔ ادھر محمود آباد کے علاقے چینسر گوٹھ معصوم شاہ کالونی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا، مقتول کی شناخت 25 سالہ شہزاد کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس پی کورنگی چوہدری اسد کے مطابق کورنگی انڈسٹریل ایریا میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے کالعدم تنظیم سے وابستہ آصف عرف کالا خان کو ہلاک کردیا۔