19 نومبر ، 2023
سعودی عرب اور قطر کی جانب سے غزہ میں اقوام متحدہ کے اسکول پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
گزشتہ روز اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے جبالیا کیمپ میں اقوام متحدہ کے اسکول پر وحشیانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں 200 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
قطرکی جانب سے جبالیاکیمپ میں اقوام متحدہ کے اسکول پر اسرائیلی بمباری کی مذمت کرتے ہوئے اسکولوں اور اسپتالوں پر اسرائیلی حملوں کی فوری بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ سعودی عرب نے بھی گزشتہ روز شمالی غزہ میں یو این آر ڈبلیو اے کے ایک اسکول پر اسرائیل کی جانب سے "شدید بمباری" کی مذمت کی۔
سعودی وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ غزہ میں عام شہریوں کو نشانہ بنانے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب جرمن چانسلر اولاف شولز نے مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ مغربی کنارےمیں نئی آبادکاریوں کےخواہاں نہیں، غزہ میں انسانی صورتحال میں فوری بہتری کی ضرورت ہے۔
چانسلر اولاف شولز نے کہا کہ اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے لیے دو ریاستی حل ہی بہترین آپشن ہے۔