Time 26 دسمبر ، 2024
دنیا

بشار الاسد کی اہلیہ کے جان لیوا بیماری میں مبتلا ہونیکا انکشاف، بچنے کے چانسز 50 فیصد

بشار الاسد کی اہلیہ کے جان لیوا بیماری میں مبتلا ہونیکا انکشاف، بچنے کے چانسز 50 فیصد
اسما الاسد اس سے قبل 2019 میں بھی چھاتی کے کینسر سے لڑ چکی ہیں/فوٹوفائل

معزول شامی صدر  بشار الاسد کی اہلیہ اسماالاسد کے خون کے خطرناک کینسر لیوکیمیا میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق لیوکیمیا کینسر کی وہ قسم ہے جو بون میرو میں شروع ہوکر غیر معمولی سفید خون کے خلیات کی ضرورت سے زیادہ شرح پیدا کرنے کا باعث بنتی ہے، یہ مرض مریض کے جسم کے خون بنانے والے اعضا مثلاً بون میرو اور لمفیٹک نظام کو متاثر کرتا ہے۔

دی ٹیلی گراف کی ایک رپورٹ میں کیے گئے دعوے کے مطابق بشار الاسد کی اہلیہ اسماالاسد کینسر کی قسم لیوکیما میں مبتلا ہیں، اس مرض میں مبتلا مریض کے موت سے بچ جانے کے چانسز 50 فیصد ہوتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مرض کی تشخیص کے بعد  انفیکشن کے خطرے کو کم کرنے کیلئے اسما الاسد کو آئسولیٹ کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسما الاسد اس سے قبل 2019 میں بھی چھاتی کے سرطان سے لڑ چکی ہیں تاہم ایک سال کے علاج کے بعد  اسما الاسد نے خود کو کینسر فری  قرار دیا تھا۔ 

واضح رہے کہ لندن سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر کی بیٹی اسما الاسد نے صدر بشار الاسد سے 2000 میں شادی کی تھی، اس جوڑے کی 3 اولادیں ہیں۔

بشارالاسد کی اہلیہ نے ڈکٹیٹر شوہر کے دور حکومت میں عیش وعشرت بھری زندگی گزاری، اسماالاسد نے اپنے شوہر کے دور حکومت میں گھریلو اشیاء اور کپڑوں پر کروڑوں ڈالر اڑائے۔

اس قسم کی بھی اطلاعات سامنے آئیں کہ معزول شامی صدر بشارالاسد کی اہلیہ اسماالاسد نے شوہر سے علیحدگی کے لیے روسی عدالت میں درخواست دائر کر دی ہے تاہم روسی حکام نے ایسی خبروں کی تردید کی ہے۔


مزید خبریں :