سندھ میں پی پی پی مخالف سیاسی اتحاد کی اے این پی کو شمولیت کی دعوت

لوگ سمجھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کے سوا سندھ میں کوئی آپشن نہیں لیکن ہم عوام کیلئے امید کی کرن ہیں: بشیر میمن— فوٹو: انٹرنیٹ
لوگ سمجھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کے سوا سندھ میں کوئی آپشن نہیں لیکن ہم عوام کیلئے امید کی کرن ہیں: بشیر میمن— فوٹو: انٹرنیٹ

سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی مخالف سیاسی اتحاد کی جانب سے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کو اتحاد میں شمولیت کی دعوت دیدی گئی۔

ایم کیو ایم پاکستان کے مصطفی کمال، مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن، جے یو آئی ف کے قاری عثمان اور جی ڈی اے کے راشد شاہ نے مردان ہاؤس میں شاہی سید سمیت اے این پی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران انہیں اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دی۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن نے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کے سوا سندھ میں کوئی آپشن نہیں لیکن ہم عوام کیلئے امید کی کرن ہیں آئندہ سندھ حکومت ہم بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے، صوبائی الیکشن کمشنر بھی اپنی عزت کا خیال کرے۔

بشیر میمن کا کہنا تھا کہ آج سندھ میں لوگوں کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں، کراچی ترقی کرے گا تو سندھ ترقی کرے گا۔

ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے اے این پی کے رہنما شاہی سید نے کہا کہ تمام جماعتیں چاہتی ہیں کہ سندھ سے بھتہ خوری اور کرپشن کا خاتمہ ہو جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے صوبے کو خاک اور مٹی کا گہوارہ بنا دیا ہے۔

مزید خبریں :