Time 30 نومبر ، 2023
پاکستان

گوانتاناموبے جیل میں کیسا سلو ک کیا گیا؟ رہائی پانیوالے احمد ربانی کی جیو نیوز سے گفتگو

کراچی: امریکا کی بدنام زمانہ جیل گوانتانا موبے سے رہائی پانے والے احمد ربانی کا کہنا ہے کہ انہیں جیل میں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

 جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے احمد ربانی نے کہا کہ گوانتاناموبے میں زندگی کے انتہائی تکلیف دہ سال گزارے، شروع کے 10 سال بدترین تھے اور انہیں قید کے دوران بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

احمد ربانی نے بتایا کہ برفباری میں بغیر کپڑوں کے بٹھادیا جاتا تھا، انتہائی سخت سردی میں ٹھنڈے پانی سے نہلایا جاتا تھا۔

انہوں نے اپنے اوپر کیے جانے والے تشدد کے حوالے سے مزید بتایا کہ رسیوں سے باندھ کر الٹا لٹکا دیا جاتا تھا اور  انتہائی تنگ و تاریک سیل میں رکھا گیا تھا۔

احمد ربانی نے کہا کہ اسامہ بن لادن اور دیگر رہنماؤں سے متعلق تحقیقات کی جاتی رہیں، ہزاربار سوالات کیے لیکن مجھے القاعدہ کے بارے میں کوئی معلومات نہیں تھیں۔

واضح رہےکہ احمد ربانی اکتوبر 2002 میں کراچی کے علاقے دہلی کالونی سے پراسرار طور پر لاپتا ہوئے  تھے جب کہ اگلے ہی روز ان کے بھائی عبدالرحیم ربانی بھی لاپتا ہوگئے، بعد میں معلوم ہوا کہ دونوں بھائیوں کو امریکا کی بدنام زمانہ جیل گوانتاناموبےجیل منتقل کردیا گیا  ہے،  بے گناہ ثابت ہونے پر تقریباً 20 سال بعد فروری 2023 میں انہیں رہائی نصیب ہوئی۔

مزید خبریں :