03 دسمبر ، 2023
پشاور میں پولیس افسران اور اہلکاروں کے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
ایس ایس پی آپریشنز پشاور کاشف آفتاب عباسی نے تمام پولیس افسران کو سوشل میڈیا پالیسی سے متعلق خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پولیس افسران اور اہلکار مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم استعمال کر رہے ہیں جبکہ مختلف غیر سرکاری واٹس ایپ گروپس کا بھی حصہ ہیں۔
خط میں بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹی اور سنسنی خیز خبروں کو پھیلا کر پولیس کے مورال کو متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اس سلسلے میں پولیس سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور واٹس ایپ گروپس سے علیحدگی اختیار کریں۔
پولیس افسران اور اہلکاروں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کوئی مواد شیئر نہ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز کی جانب سے لکھے گئے خط کے مطابق صرف پولیس ترجمان میڈیا کی مدد کرنے کا مجاز ہوگا، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پولیس افسران اور اہلکاروں کی سرگرمیوں کی نگرانی بھی کی جائے گی اور احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔