آکسفورڈ پریس نے رِز (rizz) 2023 کا لفظ قرار دیدیا

آکسفورڈ یونیورسٹی پریس نے اس کا اعلان کیا / فائل فوٹو
آکسفورڈ یونیورسٹی پریس نے اس کا اعلان کیا / فائل فوٹو

ہر سال آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی جانب سے ایک ایسے لفظ کا انتخاب کیا جاتا ہے جو گزشتہ 12 ماہ کی عکاسی کرتا ہے یا وہ طویل المعیاد ثقافتی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔

مگر 2023 کے لیے جس لفظ کا انتخاب کیا گیا ہے وہ بہت دلچسپ ہے۔

یہ لفظ ہے رِز (rizz)۔

عام طور پر اس لفظ کو آن لائن بہت زیادہ استعمال کیا جاتا ہے اور  اس سے مراد کسی فرد کا اسٹائل، کشش یا شخصی جادو ہوتا ہے۔

ایسا مانا جاتا ہے کہ یہ لفظ charisma کا مخفف ہے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رِز کو ماہرین نے منتخب کیا ہے اور یہ ایک دلچسپ مثال ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ زبان کس طرح تشکیل پاکر پھلتی پھولتی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اس لفظ سے معلوم ہوتا ہے کہ نوجوان نسل کس طرح آن لائن یا حقیقی دنیا میں مختلف چیزوں کی وضاحت کے لیے اپنی زبان خود بنا رہے ہیں۔

بیان کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ سے مزید الفاظ روزمرہ کی زبان کا حصہ بن جائیں گے۔

آکسفورڈ پریس یونیورسٹی نے بتایا کہ جون 2023 میں یہ لفظ اپنی مقبولیت کے عروج پر اس وقت پہنچا جب اسپائیڈر مین کا کردار ادا کرنے والے Tom Holland نے ایک انٹرویو کے دوران اسے استعمال کیا۔

خیال رہے کہ آکسفورڈ پریس یونیورسٹی نے اس لفظ کا انتخاب عوامی ووٹنگ کے بعد کیا۔

اس سے قبل 2022 میں گوبلن موڈ جبکہ 2021 میں ویکس کو منتخب کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :