25 فروری ، 2012
واشنگٹن ... امریکا نے کہا ہے کہ ایران دنیا کو اس بات پر قائل نہیں کرسکا ہے کہ اس کا ایٹمی پروگرام پْرامن مقاصد کے لئے ہے۔وائٹ ہاوٴس نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ترجمان ٹومی وائٹر نے ایک بیان میں کہا کہ عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کی نئی رپورٹ سے صرف اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ ایرانی ایٹمی پروگرام غیرپْرامن مقاصد کے لئے ہے۔ رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یورینیم کی افزودگی جاری رکھی ہے۔ امریکی ترجمان کے مطابق یورینیم کی افزودگی جاری رکھنے اور عالمی اسلحہ انسپکٹرز کو معائنے سے روکنے کے ایرانی اقدامات کو ملا کر دیکھا جائے تو یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ ایران دنیا کو اپنے ایٹمی پروگرام کے پْرامن ہونے کا یقین دلانے میں ناکام ہوگیا ہے۔ آئی اے ای اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کے ممکنہ عسکری پہلووٴں پرعالمی ادارے کے سنجیدہ خدشات بدستور برقرار ہیں۔