پاکستان
Time 14 دسمبر ، 2023

کشمیر کیلئے 300 مرتبہ جنگ کرنےکیلئے تیار ہیں: نگران وزیراعظم

فوٹو:@anwaar_kakar
فوٹو:@anwaar_kakar

نگران وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ  نےکہا ہےکہ کشمیر کے لیے 300 مرتبہ جنگ کرنےکے لیے تیار ہیں۔

 آزاد جموں و کشمیر اسمبلی سے خطاب میں نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  تین دن قبل بھارتی سپریم کورٹ نے مسئلہ کشمیر پر غیرقانونی اور غیر آئینی اقدام کیا، کشمیریوں پر بھارتی بربریت جاری ہے، کشمیری مجاہدین نے جو قربانیاں دیں ہم اس کا قرض نہیں اتار سکتے۔

نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، جو کچھ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہو رہا ہے پاکستان اس سے لاتعلق نہیں رہ سکتا، کشمیریوں کو طاقت کے زور پر زیر کرنے کا بھارتی خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، دنیا کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہم اپنے مفاد اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ  پاکستان پر کشمیر کی وجہ سے تین بار جنگ مسلط کی گئی، اگر 300 مرتبہ بھی جنگ مسلط کی گئی تو ہم یہ جنگ لڑیں گے، کسی کے ذہن میں کسی قسم کا کوئی خدشہ ہے تو وہ دور کرلے۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ  سرحد پار لاکھوں کشمیری عوام اپنی جائز خواہشات کی تکمیل کے لیے ناجائز تسلط سے نجات کے لیےکوشاں ہیں، علامہ اقبال نے بھی اپنی شاعری میں کشمیریوں کی حالت زار کو بیان کیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں پچھلی سات دہائیوں سے حل طلب ہے اور  یہ 1948 سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کو تسلیم کیا گیا ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ سات عشروں سے زائد گزرنے کے باوجود ان قراردادوں پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔

مزید خبریں :