18 جنوری ، 2013
کراچی … متحدہ قومی موومنٹ کے مقتول ایم پی اے منظر امام سمیت 4 افراد کی نماز جنازہ جناح گراوٴنڈ عزیز آباد میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں رابطہ کمیٹی کے اراکین، حق پرست قومی و صوبائی اسمبلی کے ممبران، اے این پی، مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی کے رہنماوٴں اور ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی۔ گزشتہ روز اورنگی ٹاوٴن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی منظر امام ، ان کے ڈرائیور اور 2 محافظوں کی نماز جنازہ جناح گراوٴنڈ عزیز آباد میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اراکین، حق پرست قومی و صوبائی اسمبلی کے ممبران اور ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی۔ نماز جنازہ میں اے این پی کے وفد نے بشیر جان کی سربراہی میں شرکت کی جبکہ مسلم لیگ ن کے نہال ہاشمی ایڈوکیٹ، پیپلزپارٹی کے رہنما وقار مہدی اور راشد ربانی بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔ نمائندہ جیو نیوز کے مطابق حق پرست رکن صوبائی اسمبلی منظر امام کی تدفین شہداء قبرستان یاسین آباد جبکہ دیگر افراد کو نیوکراچی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔