19 جنوری ، 2013
فیصل آباد…پنجاب حکومت کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے لیے خریدی گئی 28میڑو بسیں صرف سی این جی کے لیے ہی ڈیزائن ہیں۔ سی این جی نایاب ہوجانے اور متبادل ایندھن کی صلاحیت نہ رکھنے والی یہ بسیں ان دنوں کہاں ہیں ؟سی این جی بسیں جب شہرمیں آئی تھیں تو ان کی سج دھج ہی نرالی تھی۔ گرمیوں کے دن تھے اور گیس بھی دستیاب تھی اس لیے مسافر مطمئن تھے اور حکومت بھی خوش، لیکن اس خوشی میں وہ ایک بات بھول گئے کہ جن دنوں گیس نہیں ہوگی تو کیا ہو گا۔ یہ بسیں صرف سی این جی پر چلتی ہیں جو آج کل نایاب ہو چکی ہے اور اب نتیجہ سامنے ہے۔ گیس نہیں تو بسیں کھڑی منہ چڑا رہی ہیں اور مسافر پریشان ہورہے ہیں۔ فیصل آباد میں 28چمکتی دمکتی یہ بسیں ان دنوں سٹی ٹرمنل پر سی این جی کا انتظارکررہی ہیں۔ میڑو بسیں چلنے سے خواتین اور طالب علموں کو آرام دہ سفر کے ساتھ ساتھ وقت کی بھی بچت تھی لیکن اب یہی عوام زائد کرایہ ادا کر کے ویگنوں اور رکشوں پر سفر کرنے پر مجبورر ہیں۔ سی این جی بسوں کا سب سے بڑا مسئلہ ان کی ڈیزائننگ کا ہے اوریہ بسیں صرف سی این جی پرہی چل سکتی ہیں۔