19 جنوری ، 2013
پشاور…پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے باڑہ کی صورتحال کی ذمہ داری گورنرخیبرپختونخواپرعائد کرتے ہوئے ان سے استعفٰی کا مطالبہ کیاہے۔ پشاور ہائیکورٹ بارایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کا اجلاس ایسوسی ایشن کے صدرعبدالطیف آفریدی کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالطیف آفریدی،اعجازمہند،سمیع اللہ غلام نبی اوردیگروکلاء نے باڑہ میں نہتے شہریوں پرفائرنگ اوراٹھارہ افراد کی ہلاکت اورواقعے کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے آج شہرکی شاہراہوں کو احتجاج کے خوف سے بند کرنے پربھی تنقید کی اور اس روش کو نام نہاد جمہوری صوبائی حکومت کے منہ پرطمانچہ قراردیا۔ ان کا کہناتھا کہ گورنرکو اپنی نااہلی تسلیم کرتے ہوئے مستعفی ہوجانا چاہیے، ان کا مطالبہ تھا کہ فاٹا میں آپریشن ختم اورباڑہ سے کرفیوختم کیاجائے اوراس واقعے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کو امداد دی جائے۔