23 دسمبر ، 2023
پشاور سے سابق رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
نور عالم خان نے پشاور میں تقریب میں جے یو آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر صوبائی امیر مولانا عطا الرحمان کا کہنا تھاکہ نور عالم خان اور دیگر کو جے یوآئی میں خوش آمدید کہتے ہیں اورآنے والا دور جے یو آئی کا ہے۔
نور عالم خان کا کہنا تھاکہ مولانا فضل الرحمان جو کہتےہیں وہ سچ ثابت ہوتا ہے، ہمیشہ پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے آواز اٹھائی۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی سیاسی بصیرت کا ہرکوئی قائل ہے، ان کی قائدانہ صلاحیت سے متاثر ہوکر جمعیت میں شامل ہوا ہوں۔
نورعالم خان کا کہنا تھاکہ جیل میں لاڈلے کو دیسی مرغ اور ورزش کی مشینیں تک فراہم کی گئی ہیں لہٰذا میری چیف جسٹس سے درخواست ہے تمام قیدیوں کویکساں حقوق دیے جائیں۔
خیال رہے کہ نور عالم خان 2018 میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر پشاور سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، بعدازاں وہ منحرف ہوگئے تھے اور نشست سے مستعفی نہیں ہوئے۔
نور عالم خان پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین بھی رہے ہیں۔