19 جنوری ، 2013
لندن…برطانیہ میں شدید برف باری کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا ہے۔ ہزاروں اسکول بند اور سیکڑوں پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ دیگر یورپی ممالک میں بھی موسم کی سختی نے لوگوں کو پریشان کردیا ہے۔ برف باری اور سرد ہواوٴں نے برطانوی شہریوں کو گھروں میں رہنے پر مجبور کردیا ہے۔ جو لوگ ناگزیر وجوہات کی بناء پر گھر سے نکلنے پر مجبور ہوئے انہیں بھی سڑکوں پر برف کی وجہ سے شدید مشکلات اور خطرات کا سامنا کرنا پڑا۔ ریلوے اور فضائی ٹریفک بھی بری طرح متاثر ہوئی اور ہزاروں پروازیں منسوخ کردی گئیں جس کی وجہ سے مسافر ہوائی اڈوں پر پھنس گئے۔ برف باری کی وجہ سے تقریباً دو ہزار اسکول بند کردیئے گئے جس کی وجہ سے بچوں کو برف باری میں موج مستی کرنے کا موقع مل گیا۔ ویلز میں ہزاروں گھر بھی بجلی سے محروم ہوگئے۔ برطانیہ کے ساتھ یورپ کے دیگر ممالک بھی بدترین سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ فرانس میں نظام زندگی درہم برہم ہے اور سیکڑوں پروازیں منسوخ کی جاچکی ہیں۔ آسٹریا میں بھی پچھلے دس سال کے دوران ایسی سردی نہیں پڑی جس کا سامنا لوگوں کو رواں موسم سرما میں ہے۔