29 دسمبر ، 2023
کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے شہر میں لگے بل بورڈز اور جھنڈے ہٹانے کی ہدایت کردی۔
سندھ ہائیکورٹ میں شہر بھر میں لگائے گئے بل بورڈز ہٹانےکی کارروائی کےخلاف درخواست کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں میئر کراچی کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ میئر کراچی کی فوری سماعت کی درخواست دائر کی ہے۔
اس پر عدالت نے میئر کراچی کے وکیل سے استفسار کیا اس کیس میں جلدی کس بات کی ہے؟
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ اس عدالت کے حکم کے خلاف سپریم کورٹ جائیں، سپریم کورٹ کبھی رولز منظور نہیں کرے گی، آپ چاہتے ہیں اتنے بڑے بڑے بورڈز لگے رہیں، وہ گریں اور لوگ مریں۔
اس پر میئر کراچی کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ سندھ ہائیکورٹ نے 15 دسمبرکو بل بورڈز کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے، ہم نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کردیا ہے اور پبلک پراپرٹی سے ہر چیز ہٹا دیں گے۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ ہٹائیں سب جگہ بورڈز ہی بورڈز جھنڈے لگے ہوئے ہیں۔