30 دسمبر ، 2023
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 121 میں ٹکٹ کی تقسیم کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
پارٹی ذرائع نے بتایاکہ شیخ روحیل اصغر نے پارلیمانی بورڈ اجلاس میں خطاب کیا اور کہا کہ حلقہ این اے 121 میرا آبائی حلقہ ہے اور میں این اے 121 سے ہی الیکشن لڑوں گا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ آزاد حیثیت میں بھی الیکشن لڑنا پڑا تو لازمی لڑوں گا، میرے آباؤ اجداد اسی حلقے سے انتخابات لڑتے رہے، میں بھی یہیں سے سیاست کرتا رہا ہوں۔
شیخ روحیل اصغر کا کہنا تھاکہ 2018 میں میرے حلقے کا کچھ حصہ ایازصادق کے حلقے میں شامل ہوا، میں نے اپنے کارکنوں کے ہمراہ خود ایاز صادق کی مہم چلائی تھی، اب بمشکل مجھے اصل حلقہ واپس ملاہے تو اپنے آبائی حلقے سے کیوں الیکشن نہ لڑوں؟ میں نے کسی اور حلقے سے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروا رکھے، اس لیے میں اپنے اسی حلقے سے ہی الیکشن لڑوں گا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں سردار ایاز صادق نے اپنے پرانے اور نئے حلقے کے اعداد وشمار پارلیمانی بورڈ کے سامنے پیش کیے اور کہاکہ میرے پرانے حلقے کا کم وبیش 56 فیصد حصہ نئی حلقہ بندیوں میں این اے121 میں شامل ہوچکا ہے۔
سردارایازصادق نے کہا کہ میں ہر صورت میں پارٹی ڈسپلن کا پابند ہوں، ٹکٹ پرقیادت کا ہر فیصلہ منظور ہوگا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق شیخ روحیل اصغر نے قیادت کے سامنے بات کی اور اجلاس چھوڑ کر چلے گئے۔
پارٹی ذرائع نے بتایاکہ پارلیمانی بورڈ نے سفارش کی کہ این اے 121 میں ٹکٹ کا حتمی فیصلہ قائد نواز شریف خود کریں۔