20 جنوری ، 2013
کراچی....پاک سعودی بحری مشقیں نسیم البحر جاری ہیں ۔ اس موقع پر چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل آصف سندیلہ نے کہا ہے کہ بحیرہ عرب میں پاکستان اور سعودی عرب کی بحری مشقیں کسی ملک کے خلاف نہیں ہیں۔ ہماری سب سے بڑی ذمہ داری علاقے میں امن قائم رکھنا ہے۔جنگی مشقیں نسیم البحر کے تیسرے مرحلے میں پاک بحریہ اور سعودی عرب کی شاہی بحریہ کے جنگی جہازوں نے گہرے سمندر میں مختلف جنگی مشقوں میں حصہ لیا۔ نیول ایوی ایشن کے طیارے اور ہیلی کاپٹرز بھی مشق میں شریک تھے۔ پاک بحریہ کے پی تھری سی اوریان طیارے نے اینٹی سب میرین میزائل ہارپون کے ذریعے زیرآب ہدف کو نشانہ بنانے اور سعودی فریگیٹ مکہ نے انیٹی شپ میزائل کے ذریعہ ہدف کو نشانہ بنانے کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آصف سندیلہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی بحری مشقیں کسی ملک کے خلاف نہیں ہیں اور اس سے علاقے میں کسی قسم کی کشیدگی نہیں ہوگی۔