Time 02 جنوری ، 2024
کھیل

ایف آئی اے نے پی ایچ ایف سےکروڑوں کی غیرملکی کرنسی خریداری کی تفصیلات طلب کرلیں

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)  نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو خط لکھ کر ماضی میں اوپن مارکیٹ سے غیرملکی کرنسی کی خریداری کی تفصیلات طلب کرلیں۔

ایف آئی اے نے ہاکی فیڈریشن کے مالی معاملات کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے پی ایچ ایف سے تقریباً 5 کروڑ  روپےکی غیر ملکی کرنسی خریدنےکی تفصیلات  طلب کی ہیں۔  

ایف آئی اےکی جانب سے ہاکی فیڈریشن کو خط لکھا گیا ہے جس میں غیرملکی کرنسی کی خریداری کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

خط میں کہا گیا ہےکہ  ہاکی فیڈریشن نے 2015  تا 2017  تقریباً 4 کروڑ  72 لاکھ  روپے کی غیر ملکی کرنسی خریدی، یہ کرنسی کہاں سے  اور کس وقت خریدی؟ اس کی تفصیلات دی جائیں۔

خیال رہےکہ گزشتہ دنوں صدرپی ایچ ایف ہاکی فیڈریشن طارق بگٹی نے  وزارت داخلہ کو خط لکھتے ہوئے فیڈریشن میں مبینہ کرپشن کرنے والوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنےکی سفارش کی تھی۔

صدر پی ایچ ایف نے کہا کہ ایف آئی اے میں کچھ کیسز چل رہے ہیں جن کی انکوائری ہورہی ہے جس پر انہوں نے ایک خط وزارت داخلہ کو لکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  خط میں وزارت داخلہ سے کہا گیا ہےکہ جن افراد کے خلاف تحقیقات چل  رہی ہیں ان کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں اور جب تک تحقیقات مکمل نہ ہوجائےکسی کو ملک سے باہر جانے کی اجازت نہ دی جائے، اگر وہ افراد الزامات سے بری ہوجائیں تو کہیں بھی جاسکتے ہیں لیکن اگر کچھ ثابت ہوا تو ان کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا اور وہ پیسا واپس لے کر ہاکی کے فلاح و بہود پر لگایا جائےگا۔

مزید خبریں :