اٹلی میں عمارت کی تعمیر کے دوران زیورات اور جوتے پہنے صدیوں پرانے ڈھانچے دریافت

اس مقام کا فضائی منظر / فوٹو بشکریہ Emanuele Giannini
اس مقام کا فضائی منظر / فوٹو بشکریہ Emanuele Giannini

اٹلی کے شہر روم میں ایک سولر پاور پلانٹ کی تعمیر کے لیے 2 سال سے جاری کھدائی کے دوران ماہرین ایک قدیم قبرستان کو دریافت کرکے دنگ رہ گئے۔

ماہرین آثار قدیمہ کے خیال میں یہ قبرستان دوسری سے چوتھی صدی عیسوی کا ہے۔

اس قبرستان میں 57 قبروں میں67 ڈھانچے دریافت ہوئے۔

ماہرین اس دریافت سے دنگ رہ گئے، مگر ایسا قبرستان ملنے سے نہیں ہوا بلکہ اس لیے کہ ان ڈھانچوں نے سونے کے زیورات اور مہنگے لیدر کے جوتے پہن رکھے تھے۔

ان  قبروں کو اندر سے گھروں کی طرح ڈیزائن کرکے تیار کیا گیا تھا۔

یہ قبرستان روم کے شمال میں موجود تاریخی شہر Tarquinia کے 52 ایکڑ کے رقبے میں دریافت ہوا۔

ان ڈھانچوں نے چاندی اور عنبر سے بنی انگوٹھیاں پہن رکھی تھیں اور ان پر ناموں کے ابتدائی حروف کندہ تھے۔

اس کے ساتھ ساتھ وہاں سے طلائی ہار، بالیاں، قیمتی پتھر، مٹی سے بنے ظروف، سکے، چمکدار گلاسز، تعویز اور ملبوسات بھی نکالے گئے۔

اس مقام سے ملنے والی چند اشیا / فوٹو بشکریہ Emanuele Giannini
اس مقام سے ملنے والی چند اشیا / فوٹو بشکریہ Emanuele Giannini

کھدائی کرنے والی ٹیم کے سربراہ Emanuele Giannini نے بتایا کہ ہم نے قیمتی اسٹاکنگز اور جوتے پہنے متعدد ڈھانچے دریافت کیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب امیر افراد تھے اور ان کی ہڈیوں پر جسمانی مشقت کے کوئی آثار نہیں ملے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہمیں ہلکا سا اندازہ تھا کہ یہاں کسی قسم کا خزانہ ہو سکتا ہے کیونکہ تاریخی دستاویزات میں اس مقام کے قریب ایک پوسٹ اسٹیشن کی موجودگی کا حوالہ موجود ہے، مگر اتنی بڑی دریافت کا بالکل اندازہ نہیں تھا۔

انہوں نے اس جگہ کے ایک اور حیرت انگیز پہلو کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر قبریں اجتماعی ہیں اور انہیں کم از کم 2 لاشوں کے لیے تیار کیا گیا تھا۔

درحقیقت وہاں کچھ ڈھانچے ایک دوسرے سے لپٹے ہوئے دریافت ہوئے ہیں اور ماہرین کے خیال میں وہ ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہوں گے۔

مزید خبریں :