ٹائی ٹینک سے 5 گنا بڑا بحری جہاز اولین سفر پر روانہ ہونے کیلئے تیار

یہ بحری جہاز ابھی پورٹو ریکو کی ایک بندرگاہ پر پہنچا ہے / اے پی فوٹو
یہ بحری جہاز ابھی پورٹو ریکو کی ایک بندرگاہ پر پہنچا ہے / اے پی فوٹو

دنیا کا سب سے بڑا بحری جہاز اپنے اولین سفر پر روانہ ہونے کے لیے تیار ہے۔

ٹائی ٹینک سے 5 گنا بڑا بحری جہاز آئیکون آف دی سیز 27 جنوری 2024 کو امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی سے اولین سفر پر روانہ ہوگا۔

رائل کیریبین نامی کمپنی کا یہ بحری جہاز اولین سفر سے قبل پورٹو ریکو کی بندرگاہ پونسائی پر لنگر انداز ہوا ہے جہاں اس کا ریگولیٹری معائنہ کیا جا رہا ہے۔

رائل کیریبین کے صدر اور چیف ایگزیکٹو مائیکل بیلے نے ایک فیس بک پوسٹ میں اس بارے میں بتایا۔

انہوں نے بتایا کہ اگلے چند دن تک بحری جہاز کا معائنہ کیا جائے گا جبکہ عملے کے مزید افراد بھی اس پر سوار ہوں گے۔

اس بحری جہاز میں 20 عرشے ہیں اور اس میں ایک وقت میں 5610 مسافر اور عملے کے 2350 افراد سفر کرسکیں گے۔

مائیکل بیلے کے مطابق آئیکون آف دی سیز 9 جنوری کو میامی پہنچے گا اور اولین سفر کی تیاریاں جاری ہیں۔

یہ 27 جنوری کو اولین سفر پر روانہ ہوگا / اے پی فوٹو
یہ 27 جنوری کو اولین سفر پر روانہ ہوگا / اے پی فوٹو

خیال رہے کہ یہ بحری جہاز 27 نومبر 2023 کو فن لینڈ میں رائل کیریبین کے حوالے کیا گیا تھا۔

اس بحری جہاز کی تعمیر 900 دنوں میں مکمل ہوئی اور 27 جنوری کو یہ میامی سے کیریبین کے لیے روانہ ہوگا۔

یہ 1198 فٹ بلند جہاز ہے جس کا وزن 2 لاکھ 50 ہزار 800 ٹن ہے، اسی وجہ سے اسے دنیا کا سب سے بڑا کروز شپ قرار دیا گیا ہے۔

اس پر سفر کرنے والے افراد کو متعدد سہولیات دستیاب ہوں گی۔

اس کی تعمیر 900 دنوں میں مکمل ہوئی / اے پی فوٹو
اس کی تعمیر 900 دنوں میں مکمل ہوئی / اے پی فوٹو

اس میں 40 ریسٹورنٹس موجود ہیں جبکہ کمپنی کے مطابق اس میں بہت بڑا سوئمنگ پول بھی ہے جبکہ پہلی بار کسی جہاز میں واٹر پارک مسافروں کے لیے دستیاب ہوگا، جس میں 6 واٹر سلائیڈز ہوں گی۔

اس جہاز میں مجموعی طور پر 2805 کمرے موجود ہیں جن کو 14 مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

اس کی سب سے سستی ٹکٹ بھی 1820 ڈالرز کی ہے جس کے دوران ایک مسافر 7 راتوں تک ایک عام کمرے میں قیام کرسکے گا۔

اس میں متعدد سہولیات موجود ہیں / اے پی فوٹو
اس میں متعدد سہولیات موجود ہیں / اے پی فوٹو

اس بحری جہاز میں ایک آبشار بھی تعمیر کی گئی ہے اور مسافر آئس شوز سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔

ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر کو رائل کیریبین نے اپنا آفیشل آئیکون قرار دیا ہے اور وہ جنوری میں اس بحری جہاز کے حوالے سے ہونے والی ایک تقریب میں شرکت بھی کریں گے۔

مزید خبریں :