06 جنوری ، 2024
پیپلز پارٹی کی جانب سے سندھ میں الیکشن 2024 کے لیے پارٹی ٹکٹ کی تقسیم میں ایک بار پھر سیاسی گھرانوں کو اہمیت حاصل رہی۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے سندھ میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے پارٹی ٹکٹ ملنے والے خوش نصیبوں کو دیکھیں تو کئی دلچسپ معلومات سامنے آئی ہیں۔
کچھ ہی رشتے ہوں گے جو اس فہرست میں نہ ملیں، پنجاب سے جڑے ضلع گھوٹکی میں سردار علی گوہر مہر این اے 199 سے قومی اسمبلی کے امیدوار ہیں تو بھائی علی نواز مہر اور چچا زاد محمد بخش مہر صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر امیدوار ہیں۔
سکھر میں جہاں سید خورشید شاہ قومی کے اسمبلی کے حلقہ این اے 201 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں وہیں بیٹا سید فرخ شاہ اور داماد اویس شاہ بھی صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر پارٹی ٹکٹ کے حصول میں کامیاب رہے۔
شکارپور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 سے شہریار خان مہر جب کہ ان کے بھائی عارف خان مہر صوبائی اسمبلی کی نشست پر پی پی امیدوار ہیں۔
ضلع قمبر شہدادکوٹ میں تو قومی اور صوبائی اسمبلی کی بیشتر نشستیں دو خاندانوں یعنی مگسی اور چانڈیو کو دی گئی ہیں، عامر مگسی این اے197 پر قومی اسمبلی اور ان کے بھائی نادر مگسی صوبائی اسمبلی جب کہ سردار خان چانڈیو اپنے بھائی برہان خان چانڈیو کے ہمراہ صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر پیپلز پارٹی کا ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
اسی طرح خود آصف علی زرداری نواب شاہ کی قومی اسمبلی کی نشست این اے 207 اور ان کے بیٹے اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 196 سے امیدوار ہیں جب کہ آصف زرداری کی بہن عذار پیچوہو نواب شاہ اور فریال تالپور لاڑکانہ سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر امیدوار ہیں ، فریال تالپور کے شوہر میر منور تالپور میر پور خاص میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 212 پر پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں۔
اسی طرح ضلع مٹیاری میں مخدوم جمیل الزمان قومی اسمبلی جب کہ بیٹا مخدوم محبوب الزماں اور بھتیجا مخدوم فخر زمان صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز ہیں۔
خیرپور میں قائم علی شاہ صوبائی جب کہ ان کی بیٹی نفیسہ شاہ اور بھانجا جاوید علی شاہ قومی اسمبلی کی نشستوں پر پیپلز پارٹی کا ٹکٹ حاصل کرسکے۔
یہی نہیں جامشورو سے ملک اسد سکندر قومی جب کہ ان کا بیٹا ملک سکندر صوبائی اسمبلی کی نشست پر امیدوار ہے۔
ضلع عمرکوٹ میں نواب یوسف تالپور قومی اور ان کے بیٹے تیمور تالپور صوبائی اسمبلی کی نشست پر امیدوار ہیں، عمرکوٹ ہی سے سید سردار شاہ اور ان کے کزن امیر شاہ صوبائی اسمبلی کے امیدوار ہیں جب کہ سردار شاہ کے ہم زلف ضیا عباس شاہ ٹنڈو اٰلہ یار سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر امیدوار ہیں۔
ضلع ٹھٹہ میں شیرازی خاندان کے دو بھائی ایاز شاہ قومی اور چھوٹے بھائی ریاض حسین شاہ اور کزن شاہ حسین شاہ صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر پیپلز پارٹی کے ٹکٹوں پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
ایک بار پھر پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر دو ہندو امیدوار جنرل الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، ان میں ڈاکٹر مہیش ملانی ضلع تھرپارکر سے قومی اسمبلی جب کہ ہری رام کشوری لال میرپور خاص سے صوبائی اسمبلی کی جنرل نشست پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔