25 فروری ، 2012
پشاور… پشاور پولیس نے تھانہ سی ڈویژن پر حملے میں ملوث خودکش حملہ آوروں کے فنگر پرنٹس تصدیق کے لئے نادرا جبکہ ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے اسلام آباد بھیجواد یئے ہیں۔ ایس ایس پی انوسٹی گیشن عمر ریاض نے جیونیوز کو بتایا کہ پولیس نے جائے وقوعہ سے ملنے والے خودکش حملہ آوروں کے فنگر پرنٹس تصدیق کے لئے نادرا بھیجوا دیئے ہیں۔ جبکہ ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے خودکش حملہ آوروں کے ناخن حاصل کر کے اسلام آباد بھیج دیئے گئے ہیں۔ ایس ایس پی انوسٹی گیشن کے مطابق پولیس کو جائے وقوعہ سے دو خودکش حملہ آوروں کے چہرے صیح حالت میں ملے ہیں جبکہ تیسرے خودکش حملہ آور کا چہرہ متاثر ہوا تھا۔جسے دوبارہ قابل شناخت بنایا جائے گا۔ جس کے بعد تینوں خودکش حملہ آوروں کی شناخت کے لئے تصویری خاکے جاری کئے جائیں گے۔