20 جنوری ، 2013
رحیم یار خان … گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کے تینوں بیٹے ایم این اے سید مصطفی محمود، ایم پی اے سید مرتضیٰ محمود اور سید علی محمود پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے، اس بات کا اعلان رحیم یارخان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سید مصطفی محمود، سید مرتضیٰ محمود اور سید علی محمود پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔ گورنر پنجاب کے دو بیٹے ایم این اے سید مصطفیٰ محمود اور ایم پی اے سید مرتضیٰ محمود فنکشنل لیگ کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ گورنر پنجاب کے تینوں بیٹے اپنے والد احمد محمود سے اجازت کے بعد پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے ہیں، پیپلزپارٹی ایک مشن، ایک فلسفے اور ایک تحریک کا نام ہے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں سے متعلق کمیشن کی رپورٹ قومی اسمبلی کے آئندہ سیشن میں پیش کی جائے گی، دیکھتے ہیں کہ کمیشن کی رپورٹ کی کون مخالفت کرتا ہے، جو لوگ نہیں چاہتے کہ جنوبی پنجاب کے عوام ترقی کرسکیں وہ روڑے اٹکا رہے ہیں۔ دوسری جانب گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بحیثیت گورنر کوئی سرکاری مراعات نہیں لیں گے، گورنر پنجاب مقرر کرنے پر صدر زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا شکر گزار ہوں، آئندہ عام انتخابات صاف اور شفاف ہوں گے۔