پاکستان
Time 12 جنوری ، 2024

فضل الرحمان کی کابل میں ملاعبدالغنی برادر، ملا یعقوب اور سراج حقانی سے ملاقاتیں

ہمارا اور آپ کا تعلق آج کا نہیں بڑوں کے وقت کا چلتا آرہا ہے، کبھی آپ کے اور اپنے درمیان فرق نہیں کیا ہے: افغان وزیر دفاع ملا یعقوب— فوٹو: جے یو آئی
ہمارا اور آپ کا تعلق آج کا نہیں بڑوں کے وقت کا چلتا آرہا ہے، کبھی آپ کے اور اپنے درمیان فرق نہیں کیا ہے: افغان وزیر دفاع ملا یعقوب— فوٹو: جے یو آئی

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دورہ کابل میں افغانستان کے نائب وزیراعظم ملاعبدالغنی برادر، وزیر دفاع ملایعقوب اور وزیر داخلہ سراج الدین حقانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔

مولانا فضل الرحمان 7 جنوری کو افغان حکومت کی دعوت پر کابل پہنچے تھے جہاں انہوں نے طالبان کے امیر ہیبت اللہ اخونذادہ، وزیراعظم سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں۔

اپنے دورے کے آج آخری روز بھی سربراہ جمعیت علمائے اسلام نے افغان نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر سے ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیردفاع ملا یعقوب، وزیرخارجہ ملا امیر متقی، وزیر تجارت سمیت دیگر وزرا موجود تھے۔

ملا عبدالغنی برادر نے مولانا فضل الرحمان کا استقبال کیا۔

جے یو آئی اعلامیے کے مطابق ملاعبدالغنی برادر نے مولانا فضل الرحمان کے دورے کو دونوں ممالک کیلئے خوش آئند قرار دیا۔

اس مو قع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امارت اسلامی کی اپنی ایک تاریخ ہے، دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مسائل کو حل کرنا ہے، پاکستان کی خواہش ہے افغانستان کےساتھ تجارت قانونی طور پر ہو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے علما امارت اسلامیہ کے ساتھ ہیں،ہمارادورہ جذبہ خیرسگالی کےتحت ہے۔

ملاعبدالغنی برادر نے گفتگو میں کہا کہ افغانستان محفوظ اور پر امن ملک ہے اور آپ کے دورے کے مثبت اثرات ہوں گے۔

طالبان کے سابق امیر ملا عمر کے بیٹے و وزیر دفاع ملا یعقوب نے کہا کہ ہمارا اور آپ کا تعلق آج کا نہیں بڑوں کے وقت کا چلتا آرہا ہے، کبھی آپ کے اور اپنے درمیان فرق نہیں کیا ہے، امید کرتے ہے آپ کے دورے کے بعد صورتحال میں تبدیلی آئے گی اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم ہوگی۔

افغان وزیرتجارت نے ملاقات کے دوران پاکستان اور افغانستان کے درمیان مثبت تجارت پر زور دیا جس پر مولانا فضل الرحمان نے امارت اسلامی کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

علاوہ ازیں مولانا فضل الرحمان نے افغانستان کے وزیرداخلہ سراج الدین حقانی سے ملاقات کی۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے دورہ افغانستان کو خوش آئند قرار دیا اور انہیں افغانستان کی داخلی صورتحال سے آگاہ کیا۔

مولانا فضل الرحمان نے سراج الدین کی دونوں ممالک کے درمیان کردار اور کاوشوں کو سراہا۔

بعد ازاں مولانا فضل الرحمان افغانستان کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں۔

مزید خبریں :