15 جنوری ، 2024
کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ق کے پی ایس 76 میر پور ساکرو سے امیدوار معشوق علی کی درخواست مسترد کر دی۔
مسلم لیگ ق کے پی ایس 76 سے امیدوار معشوق علی نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دی تھی۔
دوران سماعت چیف جسٹس عقیل احمد عباسی نے ریمارکس دیے ضوابط پورے نہیں ہوئے تو کیسے الیکشن لڑنے کی اجازت دیں؟
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے امیدوار سے استفسار کیا کس کے فرنٹ مین ہو؟ کون ہو کیسے مقابلہ کرو گے؟ جس پر معشوق علی نے بتایا کہ مسلم لیگ ق نے نامزد کیا ہے، حلقے کی عوام کی مدد سے الیکشن لڑرہا ہوں۔
وکیل اعتراض کنندہ نے کہا کہ معشوق علی نے کاغذات نامزدگی میں گدھا چلانا اپنا پیشہ لکھا ہوا ہے، اثاثوں میں پستول بھی ظاہر کیا ہے۔
چیف جسٹس عقیل احمد عباسی نے کہا فارم بھرنا نہیں آتا،کئی لوگ بوگس فارم بھی جمع کرا دیتے ہیں، پستول کہاں سے آیا تمہارے پاس؟ کیا بندوق دکھا کر الیکشن لڑو گے؟ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ خالی فارم بھر دو اور الیکشن لڑنے پہنچ جاو؟
چیف جسٹس نے پی ایس 76 سے مسلم لیگ ق کے نامزد امیدوار کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کس نے کہا ہے جاکر الیکشن لڑو؟ اپنا رزق حلال کماو، بچوں کی جاکر اچھی پرورش کرو۔