پاکستان
Time 17 جنوری ، 2024

الیکشن کیلئے آئینی تقاضے پورے ہوچکے، اب تیاریاں جاری ہیں: نگران وزیراعظم

معیشت کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے، آئی ایم ایف کی شرائط پوری کررہے ہیں: انوار الحق کاکڑ کا غیر ملکی ٹی وی کو انٹرویو/ فائل فوٹو
معیشت کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے، آئی ایم ایف کی شرائط پوری کررہے ہیں: انوار الحق کاکڑ کا غیر ملکی ٹی وی کو انٹرویو/ فائل فوٹو

اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات کیلئے آئینی تقاضے پورے کرچکا ہے  اور عوام کو ووٹ ڈالنے کا موقع فراہم کرنا ہماری ذمے داری ہے۔

غیر ملکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان 4 دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے لیکن غیرقانونی مقیم غیرملکی پاکستان کی سکیورٹی کیلئے خطرہ ہیں لہٰذا پاکستان میں جو بھی آئے گا وہ قانونی دستاویزات کے ساتھ داخل ہوگا۔

 عام انتخابات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الیکشن سے پہلے قیاس آرائیاں ہوتی ہیں مگر پاکستان میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں، عوام کو ووٹ ڈالنے کا موقع فراہم کرنا ہماری ذمے داری ہے، الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات کیلئے آئینی تقاضے پورے کرچکا ہے اور انتخابات کے دوران عالمی مبصرین بھی پاکستان آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے، آئی ایم ایف کی شرائط پوری کررہے ہیں، اقتصادی اعشاریوں کو صحیح سمت میں گامزن کرنے کیلئے معاشی اصلاحات ضروری ہیں۔

نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے، خطے کی صورتحال میں پاکستان کابہت اہم کردار ہے، چین کے ساتھ ہمارے اسٹریٹیجک تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہورہے ہیں۔

مزید خبریں :