Time 18 جنوری ، 2024
دنیا

پاک ایران کشیدگی: افغانستان اور ترکیے کا دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان ایران کشیدگی پر افغانستان اور ترکیے نے  دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغان وزارت خارجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان حالیہ پُر تشدد واقعات خطرناک ہیں، طویل جنگوں کے بعد خطے میں امن واستحکام آیا ہے۔

افغان وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان،ایران کو تنازعات سفارت کاری سے حل کرنے چاہئیں۔

دوسری جانب پاکستان ایران کشیدگی پر ترکیے نے بھی دونوں ممالک سے تحمل اور عقلمندی کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔

ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفون پر بات کی ہے، ایران اور پاکستان دونوں ہی خطے میں کشیدگی بڑھانا نہیں چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ  ترکیے کی تجویز ہے کہ فریقین مزید کشیدگی نہ بڑھائیں، جلد از جلد امن بحال کریں۔

ترک وزارت خارجہ سے جاری بیان میں بھی کہا گیا ہے کہ خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے باہمی احترام کی بنیاد پر مسائل کو حل کیا جانا چاہیے۔

اس سے قبل پاک ایران کشیدگی پر روس نے پاکستان اور ایران سے تحمل سےکام لینے پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ صورتحال میں مزیدکشیدگی خطےکے امن و استحکام اور سلامتی میں دلچسپی نہ رکھنے والوں کے ہاتھوں میں کھلونا بنےگی۔

مزید خبریں :