25 فروری ، 2012
کراچی… قومی اسمبلی کے چھ اور پنجاب اورسندھ اسمبلی کے دودوحلقوں میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری ہے،جو شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ اس دوران کئی مقامات پر بے ضابطگیاں بھی دیکھنے میں آرہی ہیں ،کئی مقامات پر فائرنگ کے واقعات بھی پیش آئے۔ وہاڑی کے حلقہ این اے 168 کے علاقے داد کمیرا میںمخالف امیدواروں کے حامیوں میں فائرنگ کے تبادلے سے دو بچوں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے فائرنگ کے الزام میں 7 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ قصور کے حلقے این اے 140 میں قلعہ ناتھا سنگھ کے علاقے میں بھی مخالف امیدواروں کے حامیوں میں فائرنگ ہوئی۔ بدین میں پی ایس 57 ٹنڈوباگو میں پولنگ کے دوران سیاسی کارکن سرعام اسلحے کی نمائش کرتے ہوئے گاڑیوں میں پولنگ اسٹیشنز کے چکر لگاتے رہے اور پولیس اہلکارکارروائی کی بجائے خاموش تماشائی بنے رہے۔ این اے 9مردان 1 کے بعض حلقوں میں ووٹر لسٹوں میں غلط اندراج کے باعث ووٹرز کو مشکلات کا سامنا رہا۔ جس پر ووٹرز نے احتجاج کیا۔ میاں والی میں پی پی 44 کے علاقہ پائی خیل میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روک دیا گیا ۔ مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ عمائدین نے خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کا فیصلہ کیا اوریہاں کبھی خواتین کو حق رائے دہی استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔