Time 20 جنوری ، 2024
پاکستان

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ریٹائرمنٹ تک چھٹیوں کی درخواست دیدی

جج محمد بشیر 14 مارچ 2024 کو ریٹائر ہو رہے ہیں: ذرائع۔
جج محمد بشیر 14 مارچ 2024 کو ریٹائر ہو رہے ہیں: ذرائع۔ 

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے طبیعت کی ناسازی کے باعث ریٹائرمنٹ تک بیماری کی چھٹیوں کی درخواست دیدی۔

ذرائع کے مطابق جج محمد بشیر 14 مارچ 2024 کو ریٹائر ہو رہے ہیں تاہم انہوں نے مدت ملازمت ختم ہونے سے پہلے چھٹیوں کے لیے خط لکھ دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جج محمد بشیر نے 24 جنوری سے 14 مارچ تک چھٹیوں کیلئے خط لکھا ہے، جج محمد بشیر نے خط اسلام آباد ہائیکورٹ اور وزارت قانون و انصاف کو لکھا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ جج محمد بشیر کا لکھا گیا خط ہائیکورٹ اور وزارت قانون و انصاف کو موصول بھی ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اپنے خط احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے لکھا ہے کہ طبعیت کی ناسازی کے باعث ڈیوٹی سرانجام نہیں دے سکتا لہذا ریٹائرمنٹ تک چھٹی منظور کی جائے۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ہی العزیزیہ اسٹیل ملز اور ہل میٹل کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو سزائیں سنائی تھیں اور بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس بھی ان کی عدالت میں ہی چل رہا تھا۔

اس کے علاوہ جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف علی زرداری، نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ کیس بھی سنا جبکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ریفرنس اور راجا پرویز اشرف بھی رینٹل پاور کیس میں جج محمد بشیر کی عدالت میں پیش ہوتے رہے۔

مزید خبریں :