پاکستان
Time 22 جنوری ، 2024

بگاڑنے والے بگاڑ کر چلے گئے، ملک کو دوبارہ پٹڑی پر ڈالنا جان جوکھوں کا کام ہوگا: نواز

جن کی 10 سال خیبرپختونخوا کی حکومت رہی ہے انہوں نے کیا کیا؟ اب پختونخوا کو سنوارنے کا وقت آگیا ہے: سابق وزیراعظم کا مانسہرہ میں انتخابی جلسے سے خطاب— فوٹو: پی ایم ایل این
جن کی 10 سال خیبرپختونخوا کی حکومت رہی ہے انہوں نے کیا کیا؟ اب پختونخوا کو سنوارنے کا وقت آگیا ہے: سابق وزیراعظم کا مانسہرہ میں انتخابی جلسے سے خطاب— فوٹو: پی ایم ایل این

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ بگاڑنے والے بگاڑ کر چلے گئے، پاکستان کو دوبارہ پٹڑی پر ڈالنا جان جوکھوں کا کام ہوگا۔

نواز شریف نے مانسہرہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کیا اور کہاکہ ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا اورسستی بجلی فراہم کی، لوگوں کو روزگار دیا سستی گیس فراہم کی، ہماری حکومت کو مدت پوری کرنے دی گئی ہوتی تواگلی حکومت بھِی ہماری ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں مہنگائی نہیں تھی ان ظالموں نے پاکستان کا ستیاناس کردیا، آج ہم دنیا میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں، بہت عمدہ پاکستان چھوڑ کرگیا تھا، جن لوگوں نے بگاڑنا تھا وہ بگاڑ کر چلے گئے، پاکستان کودوبارہ پٹڑی پرلانا آسان کام نہیں، ملک کی دوبارہ تعمیرکرنا ہوگی۔

ان کا کہنا تھاکہ خیبرپختونخوا والوں آپ بھی اس جھوٹے شخص کے جھانسے میں آگئے، آپ نے اس جھوٹے شخص کو ووٹ دیا تھا، جن کی 10 سال خیبرپختونخوا کی حکومت رہی ہے انہوں نے کیا کیا؟ اگر نوازشریف کو جج نہ نکالتے  تو مانسہرہ میں خوبصورت ائیرپورٹ ہوتا۔

نوازشریف نے اعلان کیا کہ اب خیبرپختون خوا کوسنوارنے کا وقت آگیا ہے، مانسہرہ میں ائیرپورٹ بنائیں گے اور اللہ نے موقع دیا تومانسہرہ میں میڈیکل کالج بنائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خوشی ہورہی کے ہم دوبارہ ملے ہیں لیکن ملکی حالات دیکھ کر خوشی نہیں ہورہی، جن ہاتھوں سے موٹروے بنائی، جب وہ تیار ہوئی تو میں جیل میں تھا، اگر مجھے نہ ہٹایا جاتا تو اسلام آباد سے لے کر مانسہرہ اور مظفرآباد تک ٹرین چل رہی ہوتی۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 مانسہرہ سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

مزید خبریں :