Time 23 جنوری ، 2024
پاکستان

حکومت کی آئی ایم ایف کو نیب، اینٹی کرپشن اداروں میں سیاسی مداخلت ختم کرنےکی یقین دہانی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو  نیب سمیت اینٹی کرپشن  اداروں میں سیاسی مداخلت  ختم کرنےکا  یقین دلا دیا۔

جیو نیوز کو  حاصل دستاویز کے مطابق آئی ایم ایف نےکرپشن اور  منی لانڈرنگ  روکنےکے لیے اداروں کو مضبوط بنانے  پر زور دیا ہے۔

دستاویز کے مطابق حکومت نے نیب سمیت اینٹی کرپشن اداروں میں سیاسی مداخلت ختم کرنےکا یقین دلایا ہے اور کہا ہےکہ کابینہ کی منظوری سے اینٹی کرپشن فریم ورک میں بہتری کے لیے رپورٹ شائع کی جائےگی۔

دستاویز کے مطابق حکومت نے رشوت، فراڈ  اور  بھتہ خوری کی روک تھام کے لیے اداروں کو مضبوط بنانا اولین ترجیح قرار دیا ہے اور کہا ہےکہ کرپشن کی نشاندہی، اداروں کو شفاف اور  مؤثر بنانےکے لیے اصلاحات کی جائیں گی، عوامی نمائندوں اور کابینہ ارکان کے ظاہر اثاثوں کی معلومات تک عوام کو  رسائی دی جائےگی۔

حکومت نے چیئرمین نیب کی میرٹ پر تعیناتی اور  تحقیقات کے لیے نیب کے دائرہ اختیار کا  تعین کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

دستاویز کے مطابق آئی ایم ایف کو  یقین دہانی کرائی گئی ہےکہ اینٹی کرپشن ٹاسک فورس بنائی جائےگی، ٹاسک فورس میں بین الاقوامی تجربےکے حامل ماہرین اور  سول سوسائٹی کو شامل کیا جائےگا، اینٹی کرپشن ٹاسک فورس مارچ میں اپنی رپورٹ شائع کرےگی۔

مزید خبریں :