Time 24 جنوری ، 2024
پاکستان

سندھ ہائیکورٹ کا الیکشن تک تمام شہریوں کو انٹرنیٹ سروس بلا تعطل فراہم کرنےکا حکم

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سندھ ہائی کورٹ نے 8 فروری کے جنرل الیکشن تک تمام شہریوں کو انٹرنیٹ سروس بلا تعطل فراہم کرنےکا حکم دے دیا۔

کراچی میں حلقہ این اے 241 سے آزاد  امیدوار جبران ناصر  ایڈووکیٹ نے انٹرنیٹ کی بار بار بندش پر سندھ ہائی کورٹ سے  رجوع کیا تھا۔

درخواست میں وفاقی وزارت داخلہ ، وزارت آئی ٹی و مواصلات اور  پی ٹی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست پر سماعت چیف جسٹس عقیل احمد  عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نےکی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا  تھا کہ 17 دسمبر،7  جنوری اور 20 جنوری کو  ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سروس معطل رہی، مسلسل کی کئی روز  سے ملک بھر  میں انٹرنیٹ سروس تعطل کا شکار  ہے، انٹرنیٹ سروس کی بلاجواز  بندش اور  تعطل سے امیدواروں کو انتخابی مہم چلانا مشکل ہوگیا ہے۔

عدالت نے الیکشن تک تمام شہریوں کو انٹرنیٹ سروس بلا تعطل فراہم کرنےکا حکم دیتے ہوئے فریقین سے 29 جنوری کو جواب طلب کرلیا۔

مزید خبریں :