پاکستان
22 جنوری ، 2013

بلوچستان میں گورنر راج ،جے یوآئی کا قومی اسمبلی اور سینیٹ سے واک آوٴٹ

بلوچستان میں گورنر راج ،جے یوآئی کا قومی اسمبلی اور سینیٹ سے واک آوٴٹ

اسلام آباد…جے یو آئی ف نے بلوچستان میں گورنر راج کے خلاف قومی اسمبلی اور سینٹ سے واک آوٹ کیا ہے، مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کا آغاز بھی گورنر راج سے اور انجام بھی گورنر راج سے ، یہ کون سی جمہوریت ہے، قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں گورنر راج کا نفاذ غیر جمہوری ہے، بدقسمتی ہے کہ پیپلزپارٹی کے ہر دور میں گورنر راج اور ایمرجنسیوں کا نفاذ رہا، پہلے پنجاب میں گورنر راج لگایا اور اب بلوچستان میں۔بلوچستان میں گورنر راج کے خاتمے تک تحریک شروع کر دی ہے، بلوچستان میں ہڑتال بھی ہو گی اور پہیہ جام بھی ہو گا، فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اگر کراچی میں اتنی بدامنی ہے تو کیا وہاں بھی گورنر راج لگا دینا چاہیے، جیسے الیکشن قریب آ رہے ہیں،نئے واقعات ہو رہے ہیں اورجمہوریت اورعوام کیلئے مایوس کن کارکردگی سامنے آ رہی ہے، دوسری طرف سینیٹ میں جے یو آئی ف کے سینیٹر عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ گورنر راج کے خاتمے تک احتجاج اور واک آوٹ کا سلسلہ جاری رکھیں گے،اگر اسمبلی کو ہٹانے سے مسئلہ حل ہوتا تو تمام ارکان استعفیٰ دینے کو تیار تھے۔

مزید خبریں :