22 جنوری ، 2013
اسلام آباد…قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار نے کہا ہے کہ نئے صوبے کسی مخدوم کی مرضی کے مطابق نہیں بلکہ عوام کی مرضی سے بنیں گے۔پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادی صوبے بنانے میں دلچسپی نہیں رکھتے ، یہ صرف الیکشن میں ایشو بنانا چاہتے ہیں۔پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے چودھری نثار کا کہناتھا کہ جنوبی پنجاب اور بہاولپور کے عوام کی مرضی سے صوبے بنیں گے۔مسلم لیگ ن دونوں صوبوں کے بننے کے حق میں ہے۔صوبے نعروں سے نہیں آئین اور قانون کے مطابق بنیں گے۔چودھری نثار کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی طاہر القادری سے مک مکا کرتی تو ہم حصہ دار نہیں، پنجاب میں متفقہ قرارداد پیش ہو چکی ہے، اس قرارداد کے مطابق آگے بڑھیں تو ہم تیار ہیں، چودھری نثار کا کہنا تھا کہ نگران سیٹ اپ کیلیے مختلف جماعتوں سے مشاورت جاری ہے ،دو ماہ سے مشاورت کر رہے ہیں، وہ منطقی انجام کو پہنچنے والی ہے، صرف وفاق کے حوالے سے دو نام نہیں دیں گے بلکہ تمام صوبوں کے لیے بھی دو نام دیئے جائیں گے۔اسمبلیاں تحلیل کرنے کی کنجی صرف مسلم لیگ ن کے پاس ہے ، چودھری نثار کا کہنا تھا کہ طاہر القادری کے ساتھ معاہدے کو تسلیم نہیں کرتے ، ہمیں تشویش ہے کہ الیکشن مہم کو طویل کیا جا رہا ہے۔