22 جنوری ، 2013
اسلام آباد…مسلم لیگ ق کے صدرسینیٹرچودھری شجاعت حسین کاکہناہے کہ پارلیمنٹ میں بیٹھے بعض لوگ تماش بین کا کردار ادا کر رہے ہیں،طاہرالقادری دھرنا دینے والوں کو پارلیمنٹ پر قبضے کا کہہ دیتے تو کیا بنتا۔؟ اللہ کا شکر ہے کہ معاملہ اچھے طریقے سے حل ہو گیااور ملک بڑے سانحے سے بچ گیا۔سینیٹرچودھری شجاعت حسین لاہورمیں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کر رہے تھے،انہوں نے کہا کہ کئی لوگ مذاکرات کی ناکامی چاہتے تھے،معاملہ حل ہونے پرانہیں مایوسی ہوئی،انہوں نے کہاکہ رحمان ملک آپریشن کا فیصلہ کرچکے تھے مگرہم نے کہہ دیا کہ آپریشن ہوا توحکومتی اتحادسے الگ ہوجائیں گے ،اسلام آباد ڈیکلریشن پر عمل ضرور ہو گا ،اسمبلیوں میں بیٹھے کچھ لوگ سیاست چمکانے کے لئے منفی باتیں کررہے ہیں،چودھری شجاعت کاکہناتھاکہ طاہر القادری نے الیکشن میں حصہ لیا تو اتحاد پر غور کریں گے ، نگران سیٹ اپ کا اعلان بھی مشاورت سے کیا جائے گا۔مسلم لیگ ق کے سیکریٹری جنرل مشاہد حسین سیدنے اِس موقع پر کہاکہ دھرنے کے خلاف خدانخواستہ آپریشن ہو جاتا تو لال مسجد کا آپریشن بھی بچوں کا کھیل لگتا۔