پاکستان
23 جنوری ، 2013

کراچی: فائرنگ سے سینئر ڈاکٹر، پولیس انسپکٹر سمیت 13افراد جاں بحق

کراچی: فائرنگ سے سینئر ڈاکٹر، پولیس انسپکٹر سمیت 13افراد جاں بحق

کراچی…کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں سینئر ڈاکٹر، پولیس انسپکٹر سمیت 13افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ شہر سے 4 افراد کی لاشیں بھی ملی ہیں۔ پولیس کے مطابق ڈیفنس فیز 6 میں گاڑی پرفائرنگ سے باپ بیٹاجاں بحق ہوگئے، مقتولین کی شناخت میاں ارباب اورتیمورکے نام سے ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق میاں تیمور مسلم لیگ (ن) سندھ کے جوائنٹ سیکریٹری تھے۔ نیو کراچی کے علاقے پاور ہاؤس کے قریب گاڑی پر فائرنگ سے سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی کے ڈی ایم ایس ہلاک ہوگئے، نامعلوم موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے گھات لگا کر ان کی گاڑی پر حملہ کیا، جاں بحق ہونے والے کی شناخت ڈاکٹر حسن عالم کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دوسری طرف ناگن چورنگی پر فائرنگ سے پولیس انسپکٹر جاں بحق ہو گیا۔ بلدیہ ٹاؤن میں مہاجرکیمپ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا، حملہ آور موٹر سائکل پرسوار تھے، جا ں بحق ہونے والے کی شناخت نہیں ہوسکی۔ لیاری کے علاقے موسٰی لین میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا، مقتول کی لاش سول اسپتال منتقل کردی گئی، پولیس کے مطابق صفورا چورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا،جس کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ہاکس بے روڈ سے نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے ، جس کے جسم پر گولیاں لگنے کے نشان ہیں۔ اس سے قبل بلدیہ ٹاوٴن سے دو اور پرانا حاجی کیمپ سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی۔ تمام لاشوں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ فائرنگ کے واقعات میں اورنگی ٹاوٴن، حسن اسکوائر، کھوکھرا پار اور گولیمار میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا۔


مزید خبریں :