23 جنوری ، 2013
کوئٹہ…گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی مشترکہ مفادات کونسل اور اسپیشل اکنامک زون کے اجلاسوں میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے۔ گورنر بلوچستان کا کہنا ہے کہ وہ صوبے کے حل طلب امور پر صوبائی حکومت کا موقف بھرپور طریقے سے پیش کریں گے۔ گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی نے اسلام آباد روانگی سے قبل چیف سیکرٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد سے وفاقی حکومت سے متعلق صوبے کے حل طلب امور اور صوبے کے مختلف علاقوں میں اسپیشل اکنامک زون کے قیام سے متعلق بریفنگ لی اور ان امور پر بلوچستان کا لائحہ عمل تیار کیاگیا۔ گورنر کا کہنا تھا کہ وہ سی سی آئی اور ایس ای زیڈ کے اجلاسوں کے دوران وفاق سے متعلق صوبے کے حل طلب امور پر صوبائی حکومت کا موقف بھرپور طریقے سے پیش کریں گے اور ان کی کوشش ہوگی کہ صوبے کے حقوق اور یہاں کے عوام کے مفادات سے وابستہ ان امور کو طے کیا جائے اور مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں ان کی منظوری حاصل ہوسکے۔