23 جنوری ، 2013
کوئٹہ… قومی احتساب بیورو بلوچستان نے صوبائی وزرا کے ساتھ ساتھ بدعنوانی میں ملوث کئی افسران کے خلاف بھی تحقیقات شروع کردیں ، کچھ دنوں میں اہم افسران کی گرفتاری بھی متوقع ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق نیب بلوچستان نے سولہ صوبائی وزرا کے خلاف بدعنوانی کی تحقیقات مکمل کرکے اسلام آباد بھجوادی ہیں۔ ان وزرا کے ساتھ ساتھ نیب بلوچستان مختلف صوبائی محکموں کے افسران کے خلاف بھی بدعنوانی کی تحقیقات کررہا ہے۔ ان افسران میں سیکرٹریز، ڈی جیز، ڈائریکٹرز کے ساتھ ساتھ عام اہلکار بھی شامل ہیں ۔ نیب بلوچستان چند روز قبل ہی محکمہ ایس اینڈ جے اے ڈی کے ایک اسٹنٹ کو بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کرچکی ہے۔ جن محکموں میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں سامنے آئی ہیں ان میں محکمہ تعلیم، محکمہ صحت، بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور محکمہ خوراک شامل ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان میجر(ر) برہان علی نے جیو نیوز کو بتایا کہ محکمہ خوراک کے کئی موجودہ اور سابق افسران اور اہلکاروں کے خلاف تحقیقات آخری مراحل میں ہیں اور جلد ان کی گرفتاریوں کا سلسلہ بھی شروع ہوسکتا ہے، اب ہوکیا رہا ہے کہ چوہے بلی والا کھیل لگا ہوا ہے، نیب اور محکمہ خوراک کے درمیان ایک گودام کو ہم پکڑتے ہیں وہ ٹھیک ہوجاتا ہے تو دوسرے سیٹ اپ میں یہ بیماری آجاتی ہے اسطرح یہ سلسلہ چلا ہوا ہے ،ہم نے اپنی حکمت عملی تبدیل کردی ہے اب ہم اپنا میجر ایمپکٹ کریں گے ہم ان کے سینئر افسران پر ہاتھ ڈالنے جارہے ہیں، چاہے وہ کسی لیول کا ہوا ہم انہیں گرفتار کرلیں گے اور جیل میں ڈالیں گے۔