Time 01 فروری ، 2024
پاکستان

پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن میں کون حصہ لے سکتا ہے؟ انتخابات کا شیڈول جاری

پی ٹی آئی الیکشن شیڈول کے مطابق 31 جنوری تک رجسٹر تمام ممبران کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہو گی۔ فوٹو فائل
پی ٹی آئی الیکشن شیڈول کے مطابق 31 جنوری تک رجسٹر تمام ممبران کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہو گی۔ فوٹو فائل 

پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا گیا۔

تحریک انصاف کے فیڈرل الیکشن کمشنر رؤف حسن کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کا شیڈیول جاری کیا گیا ہے۔

شیڈول کے مطابق تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات 5 فروری بروز پیر کو ہوں گے، پی ٹی آئی کے تمام رجسٹرڈ ممبران اپنی مرضی کے پینل یا چیئرمین کے امیدوار کے حق میں مختص مقامات پر ووٹ ڈال سکتے ہیں۔

پارٹی ممبران اپنا ووٹ 'رابطہ ایپلیکیشن انٹرا پارٹی الیکشن ماڈیول'کے ذریعے بھی ریکارڈ کرا سکتے ہیں، پی ٹی آئی کے تمام رجسٹرڈ ممبران اپنی مرضی کے پینل یا چیئرمین کے امیدوار کے حق میں مختص مقامات پر ووٹ ڈال سکتے ہیں۔

31 جنوری تک رجسٹرڈ تمام ممبران کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہو گی، انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے والے تمام پینلز کی تفصیل پی ٹی آئی کی آفیشل ویب سائٹ اور رابطہ ایپلیکیشن پر دستیاب ہو گی۔

پی ٹی آئی کے فیڈرل الیکشن کمشنر رؤف حسن کے مطابق الیکشن کے تفصیلی طریقہ کار کی وضاحت الیکشن رولز 2020 میں موجود ہے جو ویب سائٹ اور رابطہ ایپ پر دستیاب ہے۔

شیڈول کے مطابق پولنگ کا وقت صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ہو گا، الیکشن کے مقامات اور اپیلیٹ ٹربیونل کی تاریخ کا اعلان یکم فروری کو کیا جائے گا، کاغذات نامزدگی یکم سے 2 فروری تک پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹریٹ یا ویب سائٹ سے حاصل کیے جاسکیں گے، کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 2 فروری کی رات 10 بجے تک ہو گی۔

شیڈول کے مطابق امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی مرکزی اور صوبائی سیکرٹریٹس اور ڈیجیٹلی بذریعہ ای میل بھی جمع کرا سکیں گے، انٹرا پارٹی الیکشن کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کا عمل 3 فروری کو ہو گا، کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی صورت میں اعتراضات جمع کروانے کا وقت 3 فروری رات 10 بجے تک ہو گا۔

انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے والے تمام فائنل پینلز کی فہرستیں 4 فروری کی شام 4 بجے ویب سائٹ پر شائع کی جائیں گی اور 5 فروری کو انٹرا پارٹی الیکشن ہوں گے، نتائج کا باضابطہ اعلان 6 فروری بروز منگل کیا جائے گا۔

مزید خبریں :