23 جنوری ، 2013
واشنگٹن…امریکا کی ایک کمپنی نے خلاء میں موجود وسائل سے فائدہ اٹھانے کا منفرد منصوبہ بنایا ہے۔کیلی فورنیا میں انجینئرز اور سرمایہ کاروں کی ایک ٹیم نے اسپیس مائننگ کمپنی قائم کی ہے جسے ڈیپ اسپیس انڈسٹریز کا نام دیا گیا ہے۔ یہ کمپنی زمین کے مدار کے قریب سے گذرنے والے سیارچوں سے ہائیڈروجن ، آکسیجن ، آئرن ، نِکل اور دیگر دھاتیں حاصل کرنے کے لئے چھوٹے خلائی جہازوں پر مشتمل مشن بھیجے گی۔ ڈیپ اسپیس انڈسٹریز کا کہنا ہے کہ پہلا خلائی جہاز 2015 میں بھیجا جائے گا جو چھ مہینے تک خلاء میں رہے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر سال زمین کے قریب سے تقریباً ایک ہزار سیارچے گذرتے ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ان میں سے زیادہ تر سیارچے پانی ، میتھین جیسی گیسزاور نِکل جیسی دھاتوں سے مالا مال ہیں۔ اِن گیسز اور دھاتوں کو فیول اور تھری ڈی پرنٹرز کے پرزہ جات بنانے میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔