Time 04 فروری ، 2024
پاکستان

موجودہ الیکشن میں 2018 کے مقابلے میں امیدواروں کی تعداد ڈیڑھ گنا زائد ہے، ترجمان

وہ حلقے جہاں عدالتی فیصلوں کے مطابق دوبارہ چھپائی کرانا پڑی، ان حلقوں میں بھی بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام بروقت مکمل کر لیا گیا: الیکشن کمیشن— فوٹو:فائل
وہ حلقے جہاں عدالتی فیصلوں کے مطابق دوبارہ چھپائی کرانا پڑی، ان حلقوں میں بھی بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام بروقت مکمل کر لیا گیا: الیکشن کمیشن— فوٹو:فائل

ملک میں 8فروری کے عام انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام مکمل کر لیا  جبکہ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل کل تک مکمل کر لیا جائے گا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق تمام 859 انتخابی حلقوں کیلئے 26کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام تینوں سرکاری پریس اداروں میں مکمل کر لیا ہے، وہ حلقے جہاں عدالتی فیصلوں کے مطابق دوبارہ چھپائی کرانا پڑی، ان حلقوں میں بھی بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام بروقت مکمل کر لیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایاکہ پورے ملک میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل شروع ہے جو کل تک مکمل کر لیا جائے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ 2018  کے عام انتخابات میں 22 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے تھے اور اس پر 800 ٹن اسپیشل سکیورٹی کاغذ استعمال ہواتھا، 2024 کے عام انتخابات کیلئے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیلٹ پیپرز اور ان کی چھپائی پر 2170 ٹن کاغذ استعمال ہوا ہے، زیادہ بیلٹ پیپرز چھپائی کی بڑی وجہ انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی بڑھتی ہوئی تعداد ہے جوکہ 2018 کے انتخابات کے مقابلے میں ڈیڑھ گنا زیادہ ہے۔

ترجمان کے مطابق بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ کے عمل کے دوران مختلف مراحل میں کئی چیلنجز سامنے آئے، ان چیلنجز میں عدالتی مقدمے اور امیدواروں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ کمیشن نے محدود وقت اور چیلنجز کے باوجود اپنی ذمہ داری پوری کی، بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام بروقت مکمل کرکے اس امر کو یقینی بنایا ہے کہ 8 فروری کے انتخابات میں تمام ووٹرز اپنا حق رائے ہی استعمال کر سکیں۔

مزید خبریں :